لاہور ( سچ نیوز )کچھ دیر قبل سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی گاڑی کی ٹکر پر جھگڑے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر اب حسان نیازی خودمیدان میں آ گئے ہیں اور الٹے میڈیا پر ہی برس پڑے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق حسان نیاز ی نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”میڈیا حقائق جانے بغیر ہی خبر چلا رہاہے ، میری درخواست ہے کہ جھوٹ پھیلانے سے پہلے میرا موقف بھی جان لیا جائے ، صحافتی اقدار کا تقاضا ہے کہ خبر شائع کرنے یا چلانے سے پہلے موقف بھی لیا جائے ۔“ حسان نیازی نے اپنے پیغام کے آخر میں اپنا نمبر بھی شیئر کیا اور میڈیا سے موقف لینے کی درخواست کی ۔اپنے دوسرے پیغام میں حسان نیاز ی کا کہناتھا کہ ”میری کار کی ٹکر ہوئی ، مجھے مکا مارا گیا ، میں نے سیکیورٹی بلائی ، میں نے درخواست جمع کروائی ، اور میڈیا مجھے ہی تنقید کا نشانہ بنارہاہے جبکہ یہ معاملہ بھی حل ہو چکا ہے ، پہلے انہوں نے خبر چلائی اور اس کے بعد میراموقف لینے کا فیصلہ کیا ۔“یاد رہے کہ کچھ دیر قبل سوشل میڈیا پر حسان نیاز ی کی ویڈیو وائر ل ہوئی جس میں وہ کافی مشتعل دکھائی دیئے ۔ حسان نیازی کی گاڑی نجی کلب میں داخل ہورہی تھی کہ ایک گاڑی کی ٹکر ہوگئی ، دونوں گاڑیاں ٹکرانے سے حسان نیازی غصے میں آگئے اور دوسری گاڑی کے ٹکرمارنے پرچابی نکال لی، حسان نیازی نے گاڑی کو ٹھوکربھی ماری،بعض اطلاعات کے مطابق وہ ڈرائیور کو گالیاں بھی دیتے رہے۔یاد رہے کہ حسان نیازی پی آئی سی حملہ کیس میں بھی ملزم نامزد اور ضمانت پر ہیں۔