اسلام آباد: (سچ نیوز) اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدینہ کی ریاست بنانے کے دعویداروں نے عوام کا مدینہ جانا مشکل بنا دیا ہے۔
مسلم لیگ ن نے حج اخراجات میں اضافے کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کر دیا۔ شہباز شریف کہتے ہیں کہ مدینہ کی ریاست بنانے کے دعویداروں نے عوام کا مکہ اور مدینہ جانا مشکل بنا دیا۔
ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس نے حج پر سبسڈی نہیں دی، حج اخراجات کو سابق دور سے دوگنا کر دیا گیا، نواز شریف کی حکومت نے ہر حاجی کو چالیس ہزار روپے سبسڈی دی تھی۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ نواز لیگ نے اپنے دور میں حج کے سب سے بہترین انتظامات کئے۔ ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت نے عوام کا مکہ اور مدینہ جانا ہی مشکل بنا دیا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حجاج کرام کو دینی فریضہ کی ادائیگی میں مشکلات سے دوچار کر دیا گیا ہے۔
دوسری طرف وزیر اطلاعات فواد چودھری حج پر سبسڈی کی مخالفت میں کھل کر سامنے آ گئے اور ٹویٹ میں کہا کہ حج صرف استطاعت رکھنے والوں پر واجب ہے، سبسڈی کا مطلب ہے کہ حکومت غریبوں سے رقم لے کر حج کرائے، یہ چیزعبادت کے بنیادی فلسفے سے متصادم ہے۔