راولپنڈی (سچ نیوز )معروف صحافی ابصار عالم نے اڈیالہ جیل میں نواز شریف ،کیپٹن صفدر اور مریم نواز سے ملاقات کے بعد بتا یا ہے کہ جیل میں جانے کے بعد مریم نواز میں یہ تبدیلی آئی ہے کہ ان کے چہرے پر پریشانی یا فکر کا ایک بھی تاثر نہیں ہے ۔مریم نواز ملاقات والے کمرے میں جیسے ہی داخل ہوئیں تو لوگوں نے تالیاں بجائیں اور نواز شریف سمیت سب نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا ،چہرے پر مسکراہٹ لیے ہوئے مریم نواز صورتحال سے بالکل بھی پریشان نہیں لگ رہیں تھیں ۔ مریم نواز کے اندر ایک واضح تبدیلی آئی ہے ،جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے بعد ،نواز شریف کی نا اہلی کے بعد عوامی جلسوں کے دوران اور احتساب عدالت کے سامنے پیشیوں کے بعد وہ کچھ پریشان لگتی تھیں لیکن جیل میں آنے کے بعد حیران کن طور پر وہ بہت زیادہ مطمئن نظر آئیں ،ان کے چہرے پر ایک بھی ایسا تاثر نظر نہیں آیا جس سے یہ ظاہر ہو کہ وہ جیل میں بے چین ہیں ۔نواز شریف کی نا اہلی کے بعد جو غصہ ان کے چہرے پر نظر آتا تھا ،اب وہ غصہ نظر نہیں آتا بلکہ ان کا رد عمل بہت زیادہ عقلمندانہ لگ رہا ہے ۔