نئی دہلی(سچ نیوز)ہندوستان میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ’’کانگریس ‘‘ کے صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بھارت کی جس جس ریاست میں بی جے پی کی حکومت ہے وہاں کے وزرائے اعلیٰ کرپشن میں ملوث ہیں اور وہ عوام کا پیسہ لوٹ رہے ہیں ۔بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق ہندوستان کے انتخابات جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں وہاں سیاست کی ’’گرمی ‘‘ بھی بڑھتی جا رہی ہے ،مودی حکومت اور وزیر اعظم کانگریس کا نشانہ بنا رہے ہیں تو کانگریس کے رہنما نریندرا مودی اور حکمران جماعت بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سنگین ترین الزامات عائد کر رہے ہیں ۔کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی کے وزرائے اعلیٰ کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث اور عوام کا پیسہ لوٹنے میں مصروف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ راجستھان کی وزیر اعلیٰ کے بیٹے نے للت مودی سے پیسہ لیا، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی رمن سنگھ کے بیٹے کا نام پنامہ پیپرز میں آیا، مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے دور اقتدار میں ویاپم، مائننگ، ڈمپرسکینڈل، ای ٹینڈرز جیسے گھپلے منظر عام پر آئے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے غلطی سے پنامہ پیپرزمیں مسٹر چوہان کے بیٹے کا نام لیا تو انہوں نے مجھ پر ہتک عزت کا دعوی کرنے کی بات کہی لیکن جب میں ویاپم، ای ٹینڈرنگ، مڈ ڈے میل گھپلے کی بات کرتا ہوں تو شیوراج چوہان ہتک عزت کا دعوی نہیں کرتے کیونکہ ویاپم میں پورا ا فائدہ آر ایس ایس کے لوگوں اور وزیر اعلی شیوراج چوہان کے خاندان کو مل رہا ہے۔