جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی عرب کے خوبصورت ساحلی شہر جدہ میں جدہ کرکٹ کلب کے زیرِ اہتمام فیوڈیکم گلوبل کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار اور پروقار افتتاح کلب کے صدر انجینئر عبدالماجد خان نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں کرکٹ سے وابستہ شخصیات، شائقینِ کرکٹ اور مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی، جس سے تقریب کا ماحول نہایت پُرجوش اور یادگار بن گیا۔
اپنے افتتاحی خطاب میں انجینئر عبدالماجد خان نے تمام ٹیموں کو باہمی اتحاد، بھائی چارہ اور بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ کو برقرار رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل صرف جیت یا ہار کا نام نہیں بلکہ یہ ایک ایسا ذریعہ ہے جو انسان میں نظم و ضبط، برداشت اور مثبت سوچ پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو یہ بھی نصیحت کی کہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ اپنی دینی ذمہ داریوں خصوصاً پانچ وقت کی نماز کی پابندی کو بھی اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔
کلب کے نائب چیئرمین ماجد سعید خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو نہ صرف اجاگر کر سکتے ہیں بلکہ اس کے ذریعے ان کا ٹیلنٹ مزید نکھر کر سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مثبت اور صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کو برے رجحانات سے دور رکھتی ہیں اور انہیں ایک روشن مستقبل کی طرف لے جاتی ہیں۔
اسی طرح کلب کے نائب صدر مرزا محمود الحسن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ، نظم و ضبط اور ٹیم ورک اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کلب کی انتظامیہ ہر ممکن حد تک کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی جاری رکھے گی تاکہ وہ میدان اور میدان سے باہر بھی ایک بہترین مثال قائم کر سکیں۔
تقریب کے اختتام پر انجینئر عبدالماجد خان نے روایتی انداز میں گیند کو ہٹ کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا، جس کے ساتھ ہی ایونٹ کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔ اس موقع پر شائقینِ کرکٹ نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور تمام ٹیموں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یہ ٹورنامنٹ نہ صرف کرکٹ کے فروغ کا ذریعہ بنے گا بلکہ کھلاڑیوں میں صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، صحت مند مقابلے کی فضا قائم کرنے اور بھائی چارے کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
دیگر مہمانوں میں شیخ خالد، انجینئر یاسر علی، محمد سلیم، کاشف خان، حاجی تصور، معاذ یعقوب، سید مزمل، وقار احمد، حافظ افتخار، عثمان یوسف اور مانی عبدالرحمن،اسامہ بھٹی بھی شامل تھے، جنہوں نے تقریب کو اپنی موجودگی سے مزید رونق بخشی۔
