ٹوکیو (ویب ڈیسک) جاپان میں زلزلے کے 5 روز بعد 90سالہ خاتون کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نئے سال کے آغاز پر یکم جنوری کو وسطی جاپان میں 7.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس نے جاپان کے ساحلی علاقے کو نا صرف ہلا کر رکھ دیا بلکہ سونامی کے خطرے کو بھی بڑھا دیا۔یکم جنوری کو آنے والے زلزلے کے نتیجے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 161 تک جا پہنچی ہے۔زلزلےسےہونےوالے نقصان کا حتمی تخمینہ ابھی نہیں لگایاجاسکاہے جب کہ 200سےزائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔زلزلے کے بعد ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری تھا کہ اہلکاروں نے 90 سالہ معمر خاتون کو ملبے سے بحفاظت نکال لیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں نے اشیکاوا کے سوزو شہر میں 124 گھنٹے بعد ہفتے کے روز خاتون کو ملبے سے نکالا۔ڈاکٹرزکا کہنا ہے کہ خاتون کی صحت بہتر ہے تاہم ان کی ٹانگیں زخمی ہوئی ہیں۔مقامی انتظامیہ کے مطابق زلزلے کے بعد سے 31 ہزار 800 سے زائد افراد کو پناہ فراہم کی گئی ہے جب کہ ہلاکتوں کے مزید بڑھنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ زلزلے کے بعد جاپانی محکمہ موسمیات کی جانب سے اشیکاوا، نیگاتا اور تویاما نامی ساحلی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کی گئی تھی جو بعد میں واپس لے لی گئی تھی۔