کیف(سچ نیوز) روس کی طرف سے یوکرین کے بحری جہاز قبضے میں لیے جانے پر گزشتہ دو ہفتے سے دونوں ملکوں کی افواج آمنے سامنے کھڑی ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ دنیا پر تیسری عالمی جنگ مسلط ہونے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق روسی فوج نے یوکرینی بحریہ کے ان تین بحری بیڑوں کو 25نومبر کو قبضے میں لیا تھا جب وہ یوکرین کے ساحلی شہر اوڑیسا سے دوسرے شہر میریوپول جا رہے تھے۔روسی فوج نے ان جہازوں پر فائرنگ کی اور ان پر سوار یوکرینی بحریہ کے اہلکاروں کو بھی قید کر لیا۔ روس کی طرف سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ یہ جہاز روسی سمندری حدود کی خلاف ورزی کر رہے تھے جس پر انہیں پکڑا گیا۔ روسی بحریہ کے ایک عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ماہ قبل بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آ چکا ہے۔ تب بھی یوکرینی بحریہ کے جہازوں نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کی دھمکی دی کہ وہ روسی کوسٹ گارڈ کے خلاف طاقت کا استعمال کریں گے۔ جب دوسری بار انہوں نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو تین جہازوں کو پکڑ لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق عالمی برادری کی طرف سے روس پر دباﺅ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ یوکرین کے ان جہازوں اور فوجیوں کو رہا کر دے تاہم تاحال روس کی طرف سے اس دباﺅ کے خلاف شدید مزاحمت کی جا رہی ہے۔