ماسکو(سچ نیوز) روس کے آرمی چیف ویلرے گیراسیموف نے تیسری عالمی جنگ کی تہلکہ خیز پیش گوئی کر دی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق ویلرے گیراسیموف نے کہا ہے کہ ”مغربی ممالک جس طرح یورپ میں نیٹو افواج کو جمع کر رہے ہیں، اس سے لگتا ہے کہ وہ کسی بڑے جنگی معرکے کی تیاری کر رہے ہیں۔ وہ مشرقی یورپ میں فوج اور جنگی سازوسامان بہت بڑی مقدار میں جمع کر چکے ہیں۔امریکہ کی طرف سے بھی اپنے میزائل ڈیفنس سسٹمز یورپی ممالک میں نصب کیے جا رہے ہیں۔“
گیراسیموف کا کہنا تھا کہ ”امریکہ اور نیٹو کے یہ اقدامات روس کے لیے خطرہ ہیں اور اس سے روس اور نیٹو کے مابین کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ اگر امریکہ اور نیٹو کی طرف سے یہ اقدامات جاری رہے تو میں کہہ سکتا ہوں کہ بہت جلد تیسری عالمی جنگ چھڑ جائے گی۔ ایسی کسی تباہ کن صورتحال سے بچنے کے لیے روس اور مغربی ممالک دونوں کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو فوجی تصادم کا سبب بنیں۔میرے خیال میں یہ اقدامات روس کے امریکہ اور نیٹو کے ساتھ مذاکرات میں اہم موضوع رہنے چاہئیں۔“