اسلام آباد: (سچ نیوز) پاکستان نے ترکی کو تباہ کن زلزلے کے بعد ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں تعاون کی پیشکش کردی۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
وزیر خارجہ نے ترکی کے مشرقی علاقے میں آنے والے شدید زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے بھاری جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس اور صدر و وزیر اعظم اور قوم کی طرف سے قیمتی جانوں کے نقصان پر ترک وزیر خارجہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔
شاہ محمود قریشی نے دکھ کی گھڑی میں ترک بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں تعاون کی پیشکش کی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترک بہن بھائیوں کو مشکل گھڑی میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
وزیر خارجہ نے اپنے ترک ہم منصب کو پاکستان کی طرف سے فیلڈ ہسپتال اور ریسکیو ٹیمیں بھجوانے کی بھی پیشکش کی۔
ترک وزیر خارجہ نے اظہار تعزیت اور مدد کی پیشکش پر پاکستانی قیادت اور قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ترک حکومت زلزلہ زدگان کی امداد اور بحالی کے امور سرانجام دے رہی ہے، اگر ضرورت درپیش ہوئی تو ہم اپنے برادر ملک پاکستان کو ضرور مطلع کریں گے۔
یاد رہے کہ ترکی کے مشرقی حصے میں آنے والے 6.8 شدت کے طاقتور زلزلے سے اب تک 22 افراد کے ہلاک جبکہ ایک ہزار سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ ریسکیو ٹیمیں تباہ حال عمارتوں کے ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ پریزیڈینسی (اے ایف اے ڈی) نے بتایا کہ بتایا گیا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 55 منٹ پر آیا، جہاں اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کے بعد 5.1 اور 5.4 شدت کے آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد کی امداد کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور ’ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ترکی میں آنے والے زلزلے پر وزیراعظم عمران خان نے افسوس کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان ترکی کے ساتھ کھڑا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں اپنے ترک بھائیوں اور ترک حکومت کے ساتھ ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے اور جو مدد بھی درکار ہو بہم پہنچانے کے لیے تیار ہیں۔
علاوہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ترکی میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کی ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک حکام کے نام اپنے پیغام میں جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا دستہ ترکی کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے، پاک فوج کے دستے میں سپیشل ریسکیو اور ریلیف ٹیموں سمیت فیلڈ میڈیکل سہولیات بھی مدد کے لئے تیار ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے ترکی کو فوری تعاون اور امداد کی پیشکش پہلے ہی کی جاچکی ہے۔