لاہور(سچ نیوز)معروف اداکارہ خوشبو نے کہا ہے کہ تجربے کا کوئی شارٹ کٹ نہیں، شوبز میں کئی سال گزارنے کے فن کے اصل رموز سمجھ میں آئے ، موجودہ مقام اپنی قابلیت اور صلاحیتوں سے حاصل کیا اور مجھے اس پر فخر ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ خوشبو نے کہا کہ سفارش اور شارٹ کٹ کی ذاتی طور قائل نہیں کیونکہ ان راستوں پر چل کر حاصل ہونے والی شہرت عارضی ہوتی ہے،میں اپنی جونیئرز کو بھی مشورہ دیتی ہوں کہ وہ شوبز میں محنت سے مقام حاصل کریں کیونکہ انسان شارٹ کٹ سے بہت جلدی آگے تو نکل جاتا ہے لیکن اسی رفتار سے واپس بھی آتا ہے جبکہ محنت سے حاصل کی گئی شہرت ہمیشہ آپ کے پاس ایک خزانے کی شکل میں موجود رہتی ہے۔اداکارہ خوشبو نے کہاکہ کبھی کسی سے حسد نہیں کیا بلکہ ہر کسی کے کام کو سراہتی ہوں اور پھر میں دوسروں سے بھی اس عمل کی توقع رکھتی ہوں۔