بیوی کے قتل کے الزام میں جیل جانے والے شخص نے بالآخر 7 سال بعد اپنی بیوی کو زندہ ڈھونڈ نکالا

بیوی کے قتل کے الزام میں جیل جانے والے شخص نے بالآخر 7 سال بعد اپنی بیوی کو زندہ ڈھونڈ نکالا

نئی دہلی( سچ نیوز ) بھارت سے ایک ایسی حیران کن خبر سامنے آئی ہے کہ سن کر آپ بھی مبہوت ہو جائیں گے۔ خبر یوں ہے کہ ایک شخص کو اپنی بیوی کے قتل کے الزام میں جیل کاٹنی پڑی تھی اس نے اب اپنی بیوی کو ڈھونڈ نکالا ہے جو زندہ و سلامت ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اوڑیسہ کے ضلع کیندراپیرا کا ہے جس کے گاﺅں چھاﺅلیا کے رہائشی ابھے سوتر پر 2013ءمیں اپنی بیوی کو قتل کرنے کا الزام لگا اور وہ ایک ماہ تک جیل میں رہا۔ شادی کے دو ماہ بعد ہی اس کی بیوی اچانک گھر سے غائب ہو گئی تھی اور سسرالیوں نے ابھے کے خلاف اپنی بیٹی کے قتل کے الزام میں مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس نے اسے گرفتار کر لیا اور اس سے تفتیش کی۔ دوران تفتیش وہ ایک ماہ تک جیل میں رہا۔ ایک ماہ بعد اسے عدالت سے ضمانت مل گئی اور وہ رہا ہو گیا۔ تب سے وہ پولیس کے ساتھ مل کر اپنی بیوی کو ڈھونڈنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ابھے نے پولیس کو تفتیش میں یقین دلا دیا تھا کہ اس نے بیوی کو قتل نہیں کیا بلکہ وہ کسی کے ساتھ بھاگ گئی ہے۔

سات سال کی جدوجہد کے بعد ابھے کو کسی طرح پتا چلا کہ اس کی اتشری نامی بیوی اپنے آشنا راجیو کے اتھ پیپلی نامی قصبے میں رہ رہی ہے۔ ابھے کے اطلاع دینے پر پولیس نے پیپلی میں چھاپہ مارا جہاں سے اتشری اور راجیو دونوں گرفتار ہو گئے۔ جوڑے نے پولیس کو بتایا کہ وہ فرار ہونے کے بعد گجرات چلے گئے تھے اور سات سال وہیں رہے۔ وہیں ان کے ہاں ایک بیٹا اور بیٹی پیدا ہوئے اور حال ہی میں وہ واپس اوڑیسہ آئے تھے اور پیپلی میں مقیم ہوئے تھے۔ پیپلی آنے کے بعد وہاں راجیو نے رکشہ چلانا شروع کر دیا تھا۔

مفرور بیوی کے پکڑے جانے کے بعد ابھے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ”جب پولیس میری بیوی کو تلاش کرنے میں ناکام ہو گئی تو میں نے خود اس کی تلاش شروع کر دی۔ میں ہر اس جگہ پر گیا جہاں ممکنہ طور پر وہ ہو سکتی تھی۔ اتنے عرصے بعد مجھے پتا چلا کہ وہ پیپلی میں اپنے عاشق کے ساتھ رہ رہی ہے۔ میں خوش ہوں کہ اتنے عرصے بعد سہی مگر میں نے اپنی بے گناہی ثابت کر دی ہے۔“

Exit mobile version