مانچسٹر ( سچ نیوز ) بھارت کے سب سے بڑے صنعتکار اور دنیا کے با اثر ترین افراد میں شامل رتن ٹاٹا کو مانچسٹر یونیورسٹی نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نواز دیا۔یونیورسٹی آف مانچسٹر کی جانب سے 82 سالہ صنعتکار کو فلاحی کاموں اور ایجادات کے باعث ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا ہے، انہیں یہ ڈگری ممبئی میں یونیورسٹی کے صدر اور وائس چانسلر کے دورے کے موقع پر دی گئی۔
مانچسٹر یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈیم نینسی روتھ ویل نے اعزازی ڈگری عطا کرتے ہوئے کہا کہ رتن ٹاٹا دوسروں کیلئے مثال ہیں ، ان کے نزدیک فلاحی کام اور ایجادات ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں جو انسانی زندگیاں بہتر بناتے ہیں۔خیال رہے کہ 2014 میں کینیڈا کی یارک یونیورسٹی نے رتن ٹاٹا کو لیڈر شپ ، ایجادات اور معاشی ذمہ داریوں کے احساس کے باعث ڈاکٹریٹ کی پہلی اعزازی ڈگری عطا کی تھی جس کے بعد 2015 میں انہیں امریکہ کی کلیمزن یونیورسٹی نے آٹو موٹیو انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی تھی۔
2018 میں برطانیہ کی سوان سی یونیورسٹی نے رتن ٹاٹا کو انجینئرنگ جبکہ 2019 میں انڈیا کی امیٹھی یونیورسٹی نے بھی رتن ٹاٹا کوڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری عطا کی تھی۔