دبئی: (سچ نیوز) پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ جنگ کو اعصاب شکن کہا جاتا ہے اور کل کے میچ میں یہ ثابت ہو گیا۔ قومی کھلاڑی نفسیاتی دباؤ کا شکار ہوئے کہ اس بھنور سے نکل نہ پائے۔ کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں بھارت کے خلاف بلے بازو٘ں کی خراب کارکردگی شکست کا سبب بنی ،سپر فور مرحلے سے پہلے ہار نے ہمیں جگا دیا ،خامیوں پر قابو پائیں گے۔
دبئی کی فلیٹ بلکہ بیٹنگ وکٹ پر ٹاس جیت کر بلے بازی، اچھا موقع تھا کوئی ہدف نہ تھا، خالی بورڈ کو رنز سے بھر سکتے تھے، پہلے خوش فہمی اور پھر بدحواسی کا شکار ہو گئے، 280 کا ٹارگٹ دینے کا دعوی کرنے والے قومی بیٹسمین پہلے ہی اوور میں دباؤ میں آ گئے۔ اننگز کا دوسرا یعنی بمرا کے ایک میڈن اوور نے اوپنرز کو گویا نفسیاتی طور پر آؤٹ کر دیا، پچاس اوور کے میچ کو ٹی 10 سمجھ لیا، امام الحق کی بے تُکی شارٹ، بھارت کے خلاف بڑے میچ کے سنچری میکر فخر زمان بھی آؤٹ آف کنٹرول نظر آئے۔
وکٹ پر قدم جمانے والے شعیب ملک اور پھر بابر اعظم بھی غلط شارٹ کھیل کر آؤٹ ہوئے، کپتان سرفراز اور آصف علی نے بچگانہ کھیل پیش کیا۔ آصف علی اور شاداب خان کا وکٹ کیپر کے ہاتھ لگنا بھی افسوسناک تھا۔ خلاف توقع بھارت کی ناقص فیلڈنگ اور پانڈیا کے ریٹائرڈ ہرٹ سے قومی ٹیم حوصلہ نہ پکڑ پائی، 163 رنز کے ہدف پر بولرز کے بھی ہاتھ پاؤں پھول گئے، پارٹ ٹائم بولر فخر زمان اور شعیب ملک کا کارڈ بھی نفسیاتی دباؤ کی بلا نہ ٹل پائی۔ کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بھارت کے خلاف بلے بازو٘ں کی خراب کارکردگی شکست کا سبب بنی، سپر فور مرحلے سے پہلے ہار نے ہمیں جگا دیا، خامیوں پر قابو پائیں گے