اسلام آباد (سچ نیوز )بھارت میں تعینات سابق پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط نے پلوامہ حملے کے بعدبھارت کی ممکنہ سازشوں پر اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے اڑی حملے کے بعد سرجیکل سٹرائک کا ایک جھوٹا ڈرامہ رچا یا تھا ،اب پلوامہ حملے کے بعد بھی اس قسم کا ڈرامہ رچا یا جا سکتا ہے اور بھارت ایک دن دعویٰ کر سکتا ہے کہ انہوں نے ایک اور سرجیکل سٹرائیک کردیا ۔نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ “میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت باقاعدہ فوجی آپریشن نہیں کر سکتا اس لیے وہ پاکستان کی معیشت کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کر سکتا ہے یا پھر پاکستان میں بد امنی پھیلانے کی سازش کر سکتا ہے،بھارت اس حملے کو کلبھوشن یادیو کے معاملے سے بھی ملانے سازش کرسکتا ہے ۔عبد الباسط نے کہا کہ بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ ایسے واقعات کی وجہ اس کی اپنی پالیسیاں ہیں ،اس وقت بھارتی میڈ یا بہت شور مچا رہا ہے لیکن بھارتی عوام بھی پاکستان اور انڈیا کے حالات خراب نہیں دیکھنا چاہتی ۔