پٹنہ (سچ نیوز) بھارتی ریاست بہار میں منگل کے روز ہونے والی طوفانی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 18 افراد ہلاک ہوگئے۔بدھ کے روز بہار ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کے باعث گایا اور کیمور میں 3، 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ریاست کے دارالحکومت پٹنہ سمیت بھوجپور، مشرقی چمپاران ، سیوان اور اروال میں 2، 2 جبکہ کٹیہار اور جہان آباد کے اضلاع میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
ریاست بہار میں منگل کی دوپہر کو طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو بدھ کی صبح بھی کئی گھنٹے تک جاری رہا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ ریاستی دارالحکومت پٹنہ میں 95.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ در بھنگا میں 75.2 ، ڈیہڑی میں 59.6 ، فربیس گنج میں 51.4 ، چھاپڑا میں 44.6 ، سوپال میں 39.1 اور مظفر پور میں 21.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔خیال رہے کہ رواں برس بھارتی ریاست بہار میں شدید بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہے۔ گزشتہ ہفتے ریاستی حکومت نے 18 اضلاع کے 102 علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا تھا۔