نئی دہلی(ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا کی طرف سے گاہے دعویٰ کیا جاتا تھا کہ بھارت کے معروف انڈرورلڈ ڈان داﺅد ابراہیم پاکستان کے شہر کراچی میں مقیم ہیں۔ اب ٹائمز آف انڈیا نے انہیں کراچی میں زہر دیئے جانے کی خبر دے دی ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق کراچی میں داﺅد ابراہیم کو زہر دے دیا گیا ہے اور انہیں انتہائی سخت سیکیورٹی میں ہسپتال میں رکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ داﺅد ابراہیم 2 دن سے ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔وہ ہسپتال کے ایک فلور پر اکیلے مریض ہیں۔ سیکیورٹی وجوہات کی بناءپر اس فلور پر کسی اور مریض کو نہیں رکھا گیا۔ اس فلور تک ہسپتال کے چند لوگوں اور داﺅد ابراہیم کے قریبی رشتہ داروں کے سوا کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ ان کی صحت کے حوالے سے تفصیل میسر نہیں ہو سکی۔