ٹوکیو( سچ نیوز ) بھارتی فضائیہ کے ایک ونگ کمانڈر کو جاپان میں ایک خاتون کی شکایت پر گرفتار کر لیا گیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس ونگ کمانڈر کا تعلق بھارتی فضائیہ کی نان فلائنگ برانچ سے تھا جو ایک سالہ کورس کرنے کے لیے جاپان گیا ہوا تھا۔ وہاں اس کے خلاف کسی خاتون نے مقدمہ درج کروایا ہے جس پراسے گرفتار کر لیا گیاہے۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ خاتون نے اس پر کیا الزام عائد کیا ہے۔ مودی سرکار اس ونگ کمانڈر کو چھڑوانے کے لیے سرگرم ہو چکی ہے۔رپورٹ کے مطابق ونگ کمانڈر کی اہلیہ نے 8فروری کو عدالت سے رجوع کیا اور اپنے شوہر کی ضمانت کی درخواست دائر کی۔ ذرائع کے مطابق عدالت کی طرف سے خاتون کو 22لاکھ روپے بطور زرضمانت جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ”ٹوکیو میں واقع بھارتی سفارتخانہ اس معاملے کو دیکھ رہا ہے۔ بھارتی حکومت اور فوج ونگ کمانڈر کی گرفتاری کے معاملے کو بہت سنجیدہ لے رہی ہیں اوراس کی رہائی کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔“