لکھنو (سچ نیوز) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع ایٹہ کے تھانہ مرہچی کی حدود میں ایک پٹاخہ فیکٹری میں ہونے والے خوفناک دھماکے کے باعث 6 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں ہونے والا دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کے باعث قریب کے کئی مکانات منہدم ہوگئے ۔ دھماکے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی اور لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے فیکٹری کے ملبے سے 6 لاشیں اور 8 زخمیوں کو نکالا ہے جبکہ قریبی مکانوں میں بھی کچھ لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔تھانہ مرہچی کے محلہ گڈا میں پٹاخے کی فیکٹری کا لائسنس منی دیوی کے نام پر تھا، جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت فیکٹری میں کئی لوگ موجود تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نریش ولد سکھ رام جاٹو کا پورا خاندان ابھی تک ملبے کے نیچے دبا ہوا ہے جس کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔