جکارتہ(سچ نیوز) انڈونیشیا میں تباہ کن سونامی سے ہلاکتوں کی تعداد 373 تک پہنچ گئی جبکہ 1459 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے آبنائے سنڈا میں سونامی کی لہریں ساحل سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 373 افراد ہلاک اور 1459 زائد افراد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں سے موصول ہونے والی ابتک کی اطلاعات کے مطابق 128 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔انڈونیشیائی حکام کا کہنا ہے کہ جزیرہ کراکاٹوامیں آتش فشانی کے باعث سونامی کی لہریں پیدا ہوئیں جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔انڈونیشیا کے صدر جوکوویددو نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور لوگوں سے صبر کرنے کو کہا ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ نے انڈونیشیا میں سونامی سے متاثر ہونے والے افراد سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں انڈونیشیا کے ساتھ ہیں۔اس سے قبل رواں سال اکتوبرمیں انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی اور شہر پالو میں زلزلے کے باعث اٹھنے والے سمندری طوفان کی زد میں آکر 1500 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آفٹر شاکس کے بعد سونامی کی 10، 10 فٹ اونچی لہروں نے شہر میں ایسی تباہی مچائی جس کے باعث شہر میں درجنوں عمارتیں تباہ ہوئیں۔یاد رہے کہ رواں سال اگست میں انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں زلزلے کے نتیجے میں 347 ہلاک اور سینکڑوں افراد زخمی ہوئے تھے۔واضح رہے کہ انڈونیشیا بحرالکاہل کے ایک ایسے حصے میں واقعہ ہے جہاں زلزلے آنے اور آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے واقعات عموماً رونما ہوتے رہتے ہیں اوردنیا بھر کے تقریباً آدھے آتش فشاں اسی حصّے میں پائے جاتے ہیں۔