ہیلمٹ حادثے میں جانی و جسمانی نقصان کی روک تھام میں بہت کارآمد ہے.چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت
پشاور(نمائندہ خصوصی) کلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے بغیر ہیلمٹ کے ڈرائیونگ کرنے پر گزشتہ ماہ 35 ہزار 762 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے شہر کے تمام سیکٹروں میں شہریوں میں پمفلٹس تقسیم کئے اور باقاعدہ انہیں ہیلمٹ کے استعمال کے فوائد اور نقصانات بارے آگاہی دی بعد ازاں ٹریفک عملے نے ہیلمٹ کے بغیر ڈرائیونگ کرنے پر 35 ہزار 762 موٹر سائیکل سواروں کو چالان کیا۔ واضح رہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں کی جانب سے ہیلمٹ سے متعلق آگاہی پیدا کرنے پر لوگوں کی اکثریت نے استعمال شروع کردیا ہے۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ دوران سفر حفاظتی ہیلمٹ پہننے سے حادثات میں کمی دیکھنے میں آئی ہے موٹر سائیکل کے حادثوں کی حالیہ اعداد و شمار کے مطابق ہیلمٹ حادثے میں جانی و جسمانی نقصان کی روک تھام میں بہت کارآمد ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق ہیلمٹ نہ پہنے والے موٹر سائیکل سواروں کے سر میں چوٹ لگنے کا 40 فیصد زیادہ امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مناسب طریقے سے فٹ ہونیوالا ہیلمٹ پہننے سے دیگر گاڑیوں کے ہارن اور آواز کو سنا جا سکتا ہے اسی طرح ہوا کے شور کو بھی کم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ سڑک پر موجود دیگر گاڑیوں کے ذریعے پھیلی ہوئی دھول اور گندگی سے آنکھوں کو محفوظ رکھتا ہے۔