راولپنڈی: (سچ نیوز) راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں موٹرسائیکل سواروں سے ہیلمٹ کی پابندی پر عمل درآمد کرانے کے لیے نیا حل تلاش کر لیا، بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کو پٹرول نہیں ملے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے بغیر ہیلمٹ کے پیٹرول پر پابندی عائد کر دی جبکہ تمام پٹرول پمپس کو پابندی کا نوٹیفکیشن ارسال کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق موٹرسائیکل سوار کو بغیر ہیلمٹ پٹرول نہ دیا جائے گا۔
بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو پٹرول نہ دینے کی پابندی غیر معینہ مدت تک رہے گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے نوٹیفکیشن نمبر 805/GHC کے ذریعے ہیلمٹ کے بغیر پٹرول فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ضلعی اتظامیہ نے یہ حکم نامہ چیف ٹریفک آفیسر کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے پر جاری کیا۔ اے ڈی سی جی نے متعلقہ محکمہ سے اس پابندی پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔