بشریٰ انصاری کی شادی کی خبریں، مبینہ شوہر اقبال حسین بھی میدان میں آگئے

بشریٰ انصاری کی شادی کی خبریں، مبینہ شوہر اقبال حسین بھی میدان میں آگئے

کراچی (سچ نیوز) معروف ٹی وی پروڈیوسر اقبال حسین نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری کے ساتھ شادی کرلی ہے۔

ایک ویب سائٹ کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ 63 سالہ بشریٰ انصاری نے معروف پروڈیوسر اقبال حسین کے ساتھ دوسری شادی کرلی ہے۔ ان خبروں کے حوالے سے انٹرٹینمنٹ پی کے نامی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے اقبال حسین نے کہا کہ یہ بے بنیاد ہیں۔ ’ یہ بے بنیاد افواہ ہے اور لوگوں کو ایسی بے بنیاد خبروں پر توجہ نہیں دینی چاہیے، اس طرح کی خبریں شائع کرنے سے پہلے تصدیق کی جانی چاہیے لیکن افسوس ہے کہ ایسا ہوتا نہیں ہے۔‘

خیال رہے کہ اقبال حسین اور بشریٰ انصاری انڈسٹری میں بعض پراجیکٹس پر مل کر کام کرچکے ہیں۔ گزشتہ دنوں بشریٰ انصاری نے اپنی بہن اسماءعباس کے ساتھ مل کر ’ہمسائے ماں جائے‘ نامی میوزک ویڈیو بنائی تھی، اس ویڈیو کی ڈائریکشن کا فریضہ اقبال حسین نے سرانجام دیا تھا۔ اقبال حسین اور بشریٰ انصاری ایک اور ڈرامہ سیریل ’زیبائش‘ پر بھی کام کر رہے ہیں جو ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔ اس ڈرامے میں بشریٰ انصاری کی بہن اسماءعباس اور بھانجی زارا نور عباس بھی نظر آئیں گی۔

Exit mobile version