ویانا( سچ نیوز )آسٹریا کے صدر الیگزینڈر وین ڈیر بیلن نےبریگزٹ پر ہونے والی پیش رفت بدقسمتی قراردیتےہوئے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین اور برطانیہ حالات کا بہترین حل نکال لیں گے۔ویانا میں سوئس کنفیڈریشن سائمونٹا سومرگا کے صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیلن نے کہا کہ مجھے بریگزٹ پر ہونے والی پیش رفت پر افسوس ہے لیکن جو ہوا یہ قابل قبول ہے، میں نے کبھی اپنے ان خیالات کو مخفی نہیں رکھا کہ یہ برطانیہ کے اکثریتی ووٹرزنے المناک غلطی کی ہے تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان طویل المدتی مستحکم، دوستانہ اور اچھے تعلقات قائم رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف تنگ تجارتی علاقہ کے لئے نہیں بلکہ یو کے میں مقیم یورپی یونین کے لاکھوں شہریوں اور اسی طرح یورپی یونین میں مقیم برطانوی شہریوں سے متعلق ہے۔آسٹرین صدر نے کہا کہ شہریوں کی پینشن، سوشل انشورنس اور ہیلتھ انشورنس سے متعلق کئی ٹھوس سوالات ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متاثر ہونے والے شہریوں کیلئے ان مسائل کا حل نکال لیا جائے گا۔