لندن( سچ نیوز )برطانیہ میں عام انتخابات آج ہوں گے، پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گی ، بریگزٹ کے نام پر لڑے جانے والے انتخابات میں پاکستانی نژاد امیدوار وں کے ساتھ ساتھ 3 ہزار 300 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔برطانیہ کے 4 کروڑ 60لاکھ ووٹر ان انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، 1923ءکے بعد پہلا موقع ہے کہ برطانیہ کے عام انتخابات دسمبرمیں ہورہے ہیں۔پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق آج دن 12 بجے شروع ہوکرجمعہ کی صبح 3 بجے ختم ہوگی جس کےساتھ ہی ایگزٹ پولز کا اعلان کر دیا جائے گا تاہم حتمی نتیجہ جمعہ کی شام تک آنے کا امکان ہے۔برطانیہ کی پارلیمنٹ میں 650 نشستیں ہیں جبکہ 326 نشستیں جیتنےوالی جماعت اکثریت حاصل کرپاتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ 4 برس کے دوران برطانیہ میں ہونے والے یہ تیسرے عام انتخابات ہیں۔