واشنگٹن(سچ نیوز)امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہاہے کہ قطر میں امن مذاکرات میں تاخیر پر مایوسی ہوئی ہے،مذاکرات کا کوئی نعم البدل نہیں، ضرورت ہوتوہم مدد کو تیارہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کہاکہ ہم تمام جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور حوصلہ افزائی کریں گے کہ سب بات چیت کے عمل پر قائم رہیں،بات چیت ہی سیاسی روڈ میپ اور دیرپا امن کا راستہ ہے۔زلمے خلیل زاد نے کہا کہ بات چیت کے علاوہ اور کوئی متبادل راستہ نہیں ہے،میں درخواست کرتا ہوں کہ افغان شرکاکی فہرست کو قبول کر کے آگے بڑھیں، اگر ہماری مدد کی ضرورت ہوئی تو ہم تیار ہیں۔واضح رہے کہ افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان رواں ماہ کی 20 اور 21 تاریخ کو ہونے والے ’’دوحا مذاکرات‘‘ آخری لمحات پر منسوخ کردیے گئے،ترجمان افغان صدارتی محل نے مذاکرات منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات افغان وفد پرقطری حکومت کے اعتراض پر منسوخ ہوئے۔دوسری طرف افغان حکومت کی مذاکرات کے لیے تیار کی گئی فہرست پرطالبان نے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ شادی یا کسی اور مناسب سے دعوت اور مہمان نوازی کی تقریب نہیں کہ کابل انتظامیہ نے کانفرنس میں شرکت کے لیے 250 افراد کی فہرست جاری کی۔