نیویارک(سچ نیوز) امریکہ میں ایک جعلی سعودی شہزادہ پکڑا گیا ہے جو لوگوں سے ایک ارب روپے سے زائد رقم لوٹ چکا تھا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس 48سالہ نوسرباز کا اصل نام انتھونی گیگنک تھا لیکن امریکہ میں اس نے اپنی شناخت شہزادہ سلطان بن خالد آل سعود کے نام سے بنا رکھی تھی اور کبھی وہ عمر آل سعود کے نام سے لوگوں کو لوٹتا تھا۔ وہ امیر کاروباری لوگوں کو جعلی سعودی شہزادہ بن کر ملتا اور ان سے مختلف کام نکلوانے کے بہانے رقم لوٹتا۔ کئی امیر لوگ تو اسے سچ مچ کا شہزادہ سمجھ کر اس کے ساتھ تعلق بنانے اور اس کے قریب ہونے کے چکر میں اسے قیمتی تحائف دیتے رہتے۔رپورٹ کے مطابق انتھونی سعودی شہزادہ تو دور کی بات، سعودی شہری بھی نہیں تھا۔ وہ بوگوٹا میں پیدا ہوا تھا تاہم 1977ءمیں اس کے والدین نے امریکی شہریت حاصل کر لی اور وہ بھی ان کے ساتھ امریکہ آ گیا۔ اسے 2017ءمیں جعلی سفارتی نمبرپلیٹ والی گاڑی چلانے پر پولیس نے گرفتار کیا تھا اور جب اس کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں سے درجنوں جعلی پاسپورٹ، جعلی شناختی کارڈ، مختلف خلیجی ممالک کے بینکوں کی دستاویزات اور جعلی چیک بکس تھیں۔ یہ تمام اشیاءوہ اپنی شناخت بدلنے اور لوگوں کو اپنے سعودی شہزادہ ہونے کا یقین دلانے کے لیے استعمال کرتا تھا۔ پولیس نے اسے عدالت میں پیش کر دیا جہاں سے اب اسے ساڑھے 18سال قید کی سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔