تہران ( سچ نیوز ) ایران کے نائب وزیر صحت کے بعد خاتون نائب صدر کو بھی کرونا وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
جمعرات کے روز ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی نائب صدر برائے خواتین اینڈ فیملی افیئرز معصومہ ابتکار کو بھی کرونا وائرس ہوگیا ہے۔اس سے قبل منگل کے روز ایران کے نائب وزیر صحت میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ معصومہ ابتکار 1979 کے انقلاب کے دوران امریکی سفارتخانے کا محاصرہ کرنے والوں میں شامل تھیں، انگریزی بولنے کی صلاحیت کے باعث انہیں مغربی دنیا میں ’English-language spokeswoman‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ چین کے بعد ایران کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 254 لوگوں میں اس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ایران میں کرونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔یہاں یہ بھی واضح رہے کہ ایران میں کرونا وائرس کی وجہ سے اموات کی شرح سب سے زیادہ یعنی 10 فیصد ہے جبکہ باقی جگہوں پر یہ شرح صرف 2 یا 2 اعشاریہ 3 فیصد تک ہے۔