تہران (سچ نیوز )چین میں اب تک کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 76 ہزار 288 پر پہنچ گئی ہے جبکہ 2345 افراد ہلاک ہو گئے ہیں تاہم اب اس وائرس نے ایران میں بھی ڈیرے ڈال لیے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ایرانی ٹی وی نے رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیاہے کہ ایران کی سرکاری شخصیت بھی کروناو ائر س سے متاثر ہو گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق مرتضیٰ رحمان زادہ تہران کے ضلع 13 کے میئر ہیں جن میں کروناوائرس کا ٹیسٹ مثبت آیاہے جس کے بعد انہیں علامات ظاہر ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے ۔
چین سے پھیلنے والا کرونا وائرس اب تک دیگر ممالک میں بھی پہنچ گیاہے جبکہ ایران کے چند شہروں میں بھی کیسز سامنے آئے ہیں اور اب تک ایران میں چار افراد کے وائرس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں ۔دوسری جانب رائٹرز نے رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق چین میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں دن بہ دن کمی دیکھنے میں آرہی ہے ۔جمعے کے روز چین میں 397 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ایک دن قبل متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 889 رہی تھی ۔چین میں وائرس سے متاثرہونے والے افراد کی تعداد 76 ہزار 288 پر پہنچ گئی ہے جبکہ 2345 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں ۔