تہران(سچ نیوز)ایران کے مرکزی بینک کے نئے سربراہ عبدالناصر ہمّتی نے باور کرایا ہے کہ اْن کا ملک تیل سے حاصل ہونے والی رقم اور غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر کو محفوظ رکھے گا تا کہ امریکا کے ساتھ اقتصادی جنگ لڑی جا سکے۔ اِنہیں گرتی ہوئی قومی کرنسی کی سپورٹ کے لیے استعمال میں ہر گز نہیں لایا جائے گا۔
عرب ٹی وی کے مطابق تہران میں اسلامی بینکوں کے حوالے سے ہونے والے ایک سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے ہمّتی نے کہا کہ غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر کو ملکی اقتصادی رکاوٹوں کے دوران استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ایرانی کرنسی کو اس وقت تاریخی مندی کا سامنا ہے۔ گزشتہ روز ایک ڈالر کی قیمت 1.28 لاکھ ریال تک پہنچ گئی جو گزشتہ چند ماہ کے دوران ایک نیا ریکارڈ ہے۔ ایرانی کرنسی کی قدر میں بتدریج کمی کا آغاز اْس وقت ہوا جب امریکا نے رواں برس مئی میں جوہری معاہدے سے علاحدہ ہو جانے اور ایرانی معیشت پر ایک بار پھر کڑی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔