پونے ( سچ نیوز ) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حکام نے ایک خاتون کی مقعد سے 20 لاکھ روپے مالیت کا سونا برآمد کرلیا۔ بھارتی کسٹم حکام کے مطابق انٹیلی جنس اطلاعات کی بنا پر دبئی سے پونے آنے والی ایک خاتون کو روکا گیا اور اس کی جامہ تلاشی لی گئی، جس کے بعد ڈاکٹرز نے اس کا طبی معائنہ کیا۔ ممبئی سے تعلق رکھنے والی خاتون مریم محمد سلیم شیخ کے طبی معائنے کے دوران ڈاکٹرز نے اس کی مقعد میں سے 3 کیپسول برآمد کرلیے۔ جوائنٹ کمشنر وشالی پنگے کا کہناہے کہ ان کیپسولوں کے اندر پگھلا کر سونا ڈالا گیا تھا اور کیپسولوں کو کالی ٹیپ سے کور کرکے خاتون کی مقعد میں ڈالا گیا تھا۔ سونے کا وزن 642 گرام ہے اور اس کی مالیت 20 لاکھ روپے کے قریب بنتی ہے۔ خاتون کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔