اسلام آباد: (سچ نیوز) حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہم کسی سے خوفزدہ ہو کر مذاکرات نہیں کر رہے۔ اکرم درانی سمیت کسی اپوزیشن رہنما نے ہم سے وزیراعظم کے استعفے کی بات نہیں کی اور نہ ہی اس پر کوئی بات ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کیساتھ مذاکرات سے پہلے حکومتی کمیٹی کے آپس میں صلاح مشورے جاری ہیں۔ پرویز خٹک اور اسد عمر نے اتحادیوں سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں ملک کی سیاسی صورتحال اور جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی اور جی ڈی اے کی رہنما فہمیدہ مرزا سے الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کو جلوس سے نہیں روکا جائے گا لیکن وزیراعظم کے استعفیٰ پر کسی نے بات کی اور نہ ہی ہوگی۔ اسد عمر نے کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ہم نے ڈی چوک پر کوئی جلسہ نہیں کیا۔
وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ احتجاج جمہوری حق ہے لیکن احتجاج فساد نہ بنے۔ وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کے فیصلے کو سراہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں تمام مسائل کا حل جمہوری طریقے سے ہو۔