واشنگٹن(سچ نیوز)اگر کوئی اجنبی آپ کو فیس بک پر فرینڈ ریکوئسٹ بھیج دے تو اس کے لئے آپ کو قصوروار قرار دیا جا سکتا ہے؟ یقیناً آپ کہیں گے کہ یہ ایک احمقانہ بات ہے، مگر کیا آپ یقین کریں گے کہ امریکا جیسے ملک میں ایک نوجوان نے اپنی گرل فرینڈ کو محض اس بناءپر گولی مار دی کہ کسی اجنبی شخص نے اسے فیس بک پر فرینڈ ریکوئسٹ بھیجی تھی۔
یہ بدبخت نوجوان ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والا 19 سالہ چارلس ٹینپینی ہے جس کی 18 سالہ گرل فرینڈ چار ماہ کی حاملہ بھی ہے۔ گزشتہ دنوں چارلس نے اپنی گرل فرینڈ کی فیس بک کھولی تو کسی اجنبی کی جانب سے فرینڈ ریکوئسٹ آئی ہوئی تھی جسے دیکھ کر وہ آپے سے باہر ہو گیا۔ اس نے گرل فرینڈ کے ساتھ جھگڑ اشروع کر دیا اور اسی دوران غصے سے بے قابو ہو کر اسے گولی مار دی۔فلوریڈا پولیس کا کہناہے کہ ملزم نے پہلے کہا کہ باہر سے کوئی شخص آیا تھا جس نے اس کی گرل فرینڈ کو گولی مار دی۔ بعد میں کہنے لگا کہ معمول کے جھگڑے کے دوران غلطی سے گولی چل گئی تھی لیکن بالآخر تسلیم کر لیا کہ حسد کی وجہ سے اس نے اپنی گرل فرینڈ کو اپنے نائن ایم ایم گلاک پستول سے گولی مار دی تھی۔ پولیس کے مطابق لڑکی ہسپتال میں زیر علاج ہے جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ملزم پولیس کی حراست میں ہے اور اس کے خلاف سنگین الزامات کے تحت قانونی کاروائی جاری ہے۔