بیجنگ (سچ نیوز) بھارت کی جانب سے لداخ کو اپنی ریاست کا حصہ قرار دیے جانے پر چین کا موقف بھی سامنے آگیا ہے۔چین کی دفتر خارجہ کی ترجمان ہووا چن ینگ نے منگل کے روز امریکہ اور چین کے مابین جاری تجارتی تنازعے کے حوالے سے پریس بریفنگ دی جس کے دوران ان سے ایک صحافی نے سوال پوچھا کہ انڈیا نے لداخ کو یونین ٹیریٹری قرار دے دیا ہے، یہ وہ جگہ ہے جو چین اور بھارت کا بارڈر ہے، اس پر آپ کیا کہیں گی؟۔ترجمان چینی وزارت خارجہ ہووا چن ینگ نے کہا کہ چین نے ہمیشہ انڈیا چین بارڈر پر بھارت کی جانب سے چینی علاقوں کے انضمام کی مخالفت کی ہے ، دونوں ممالک کے مابین اس پر معاہدہ ہے جسے یکطرفہ طور پرتبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ حال ہی میں انڈیا نے چین کی علاقائی سالم یت پر حملہ کرتے ہوئے اپنے طور پر ہی اس معاہدے میں تبدیلیاں کی ہیں، اس طرح کی حرکت ناقابل قبول ہے اور اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔انہوں نے کہا ہم انڈیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس طرح کے اقدامات سے گریز کرے اور دونوں ممالک کے مابین جو معاہدے ہوچکے ہیں ان پر کار بند رہے ، کیونکہ انڈیا کے یکطرفہ اقدامات سے سرحد کی صورتحال مزید گمبھیر ہوسکتی ہے۔خیال ر ہے کہ پیر کے روز بھارت نے ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرکے لداخ کو اپنی ریاست کا حصہ قرار دیا تھا۔