نئی دہلی(سچ نیوز)بھارتی نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے انتہائی قریبی ساتھی اور بھارت کو مطلوب ترین افراد کی فہرست میں شامل چھوٹا شکیل کے بھائی انور بابو شیخ کو دبئی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے جبکہ بھارتی حکام نے انور بابو شیخ کی حوالگی کے حوالے سے کوششیں شروع کر دی ہیں۔بھارتی نجی ٹی وی چینل ’’انڈیا ٹی وی‘‘ کے مطابق انڈر ولڈ ڈان داؤد ابراہیم کے انتہائی قریبی ساتھی ’’چھوٹا شکیل ‘‘ کے بھائی انور بابو شیخ کو ابو ظہبی ائیر پورٹ پر کسٹم حکام اور ابو ظہبی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے جبکہ دوران تلاشی اس سے پاکستانی پاسپورٹ بھی برآمد ہوا ہے ،دبئی کسٹم پولیس انور شیخ سے پوچھ گچھ کرنے میں مصروف ہے۔بھارتی ٹی وی نے روایتی الزام تراشی کرتے ہوئے کہا کہ دوبئی میں گرفتار ہونے والے بابوانور شیخ پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آیس کے لئے کام کرتا تھا اور وہ بھارت میں دہشت گردی کی کئی سنگین وارداتوں میں ہندوستانی سیکیورٹی اداروں کو مطلوب تھا ،یاد رہے کہ بھارتی سیکیورٹی ادارے کئی سال قبل بابو انور شیخ کے ریڈ نوٹس جاری کر چکی ہے۔بھارتی ٹی وی کا کہنا تھا کہ چھوٹا شکیل کے بھائی انور شیخ کی گرفتاری کے بعد ہندستانی سفارت خانہ اب اسے اپنی حراست میں لینے کے لئے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے میں مصروف ہوا ہے اور اس حوالے سے دبئی حکومت اور سیکیورٹی ادارے سے بات چیت بھی چل رہی ہے ۔بھارتی ٹی وی کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام بھی اس کوشش میں ہیں کہ انور شیخ پاکستانی ہے اور وہ پاکستانی پاسپورٹ پر ہی دبئی گیا تھا لہذا دبئی پولیس کو بھارت کی بجائے انور شیخ کو پاکستان کے حوالے کرنا چاہئے ۔