انٹر بینک: ڈالر 1 روپے 7 پیسے مزید مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں مندی

لاہور: (سچ نیوز) ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر پرواز کرنے لگا، انٹر بینک میں امریکی کرنسی مزید ایک روپے 7 پیسے مہنگی ہو گئی۔

سچ نیوز کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز امریکی ڈالر کی قدر میں تیزی دیکھی گئی، مارکیٹ میں امریکی کرنسی 1 روپے 7 پیسے مہنگی ہو گئی جس کے بعد ایک ڈالر 159 روپے 86 پیسے پر بند ہوا۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں بھی کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کی مسلسل اُڑان سے روپیہ ہلکان کا شکار ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 75 پیسے مہنگا ہو کر 160 روپے 50 پیسے پر بند ہوا۔

معاشی ماہرین کے مطابق ملکی کرنسی میں کمی کا رجحان ملک میں معاشی سرگرمیوں میں حالیہ تعطل کے پیش نظر ہو سکتا ہے، ٹیکس عائد کئے جانے کے سبب تاجر اور صنعتکار پریشان ہیں جبکہ حکومت مسائل حل کرنے میں غیر ضروری تاخیر کر رہی ہے جس سے ملکی معاشی صورتحال مزید گھمبیر ہوتی جا رہی ہے۔

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی دیکھی گئی، حصص مارکیٹ کا انڈیکس 3 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا، سٹاک ایکسیچنج میں 714 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی ہے جس کے بعد حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 32 ہزار 958 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

Exit mobile version