اسلام آباد: ( روزنامہ سچ ) تحریکِ انصاف کے مشاورتی اجلاس میں وزیرِاعظم عمران خان کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پارٹی کے اندرونی اختلافات ضمنی الیکشن میں شکست کی وجہ بنے۔
وزیرِاعظم عمران خان کے زیرِ صدارت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں بریفنگ کے دوران انھیں بتایا گیا کہ ضمنی الیکشن میں بعض نشستوں پر تحریک انصاف کی شکست کی وجہ پارٹی کے اندرونی اختلافات تھے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرتے ہوئے وزرا نے امیدواروں کی مہم نہیں چلائی اور نہ ہی حکومت نے ضمنی انتخابات سے پہلے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔
اس موقع پر وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت نے ضمنی الیکشن میں کسی سطح پر مداخلت نہیں کی، سب سیاسی جماعتوں کیلئے الیکشن لڑنے کے یکساں مواقع موجود تھے۔
وزیرِاعظم نے وزرا اور پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ اپنی تمام تر توجہ عوم کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز رکھیں اور 100 دن کے منصوبے کو ہر صورت مکمل کیا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود عام عوام کے زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا ہمار امنشور ہے اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔
وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمر نے ملک کی معاشی صورتحال، گردشی قرضوں، منی لانڈرنگ روکنے کے لیے اقدامات اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔