واشگنٹن (ویب ڈیسک)امریکی محکمہ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پہلے حاضر سروس امریکی صدر ہوں گے جن کے دستخط امریکی کرنسی نوٹوں پر شامل کیے جائیں گے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق نئے ڈالر نوٹوں پر ٹرمپ کے دستخط وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے دستخط کے ساتھ ہوں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امریکہ کی 250 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق پہلے 100 ڈالر کے نوٹ جن پر ٹرمپ اور بیسنٹ کے دستخط ہوں گے، جون میں چھاپے جائیں گے جبکہ بعد میں دیگر نوٹ بھی اسی طرز پر جاری کیے جائیں گے۔
روایتی طور پر امریکی کرنسی پر صرف وزیر خزانہ اور امریکی خزانچی کے دستخط ہوتے ہیں۔ اس وقت چھپنے والے نوٹوں پر سابق امریکی صدر جوبائیڈن کی وزیر خزانہ جینیٹ یلن اور خزانچی ملیربا کے دستخط موجود ہیں۔
یہ روایت 1861 سے جاری ہے کہ امریکی خزانچی کے دستخط کرنسی نوٹوں پر شامل ہوتے ہیں، تاہم ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے کے بعد اس روایت میں تبدیلی آ سکتی ہے۔
امریکہ اس سال اس تاریخی اعلان کی 250 ویں سالگرہ منا رہا ہے جب 13 امریکی کالونیوں نے برطانیہ سے آزادی کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب گیون نیوسم (گورنر کیلیفورنیا) نے اس اعلان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب امریکی عوام کو معلوم ہوگا کہ مہنگائی، پٹرول، کرایہ اور صحت کی بڑھتی لاگت کا ذمہ دار کون ہے۔

































