تہران( سچ نیوز )امریکی اڈے پر پاسداران انقلاب کے حملے کے بعد ایران کے آرمی چیف جنرل محمد باقری کابیان بھی سامنے آگیا۔ایرانی آرمی چیف کے مطابق حملے کیلئے اسی وقت کا انتخاب کیاگیاجس وقت ایرانی پاسداران انقلاب کے القدس ونگ کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کو نشانہ بنایاگیاتھا۔جنرل محمد باقری کے مطابق یہ حملہ ایران کی عسکری صلاحیتوں کی محض ایک جھلک ہے۔
ایرانی افواج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے مزید کہا کہ اگر امریکا نے دوبارہ کوئی حرکت کی تو اسے اس سے بھی زیادہ سخت جواب دیاجائے گا۔انہوں نے کہا گزشتہ شب کی گئی کارروائی ایرانی فوج کی صلاحیتوں کی محض ایک جھلک تھی۔ امریکی حکام کو چاہئے کہ وہ ایرانی صلاحیتوں کااعتراف کرلیں مناسب پالیسی اختیارکریں اورجلد از جلد اس خطے سے نکل جائیں۔
واضح رہے کہ ایران کی پاسداران انقلاب فوج نے عراق میں موجود امریکا کے دوفضائی اڈوں کو نشانہ بنایاہے،اطلاعات کے مطابق امریکی اڈوں پر تیس کے قریب میزائل برسائے گئے ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ اور سرکاری میڈیانے دعویٰ کیا ہے کہ حملوں میں اسی امریکی ’دہشت گرد‘ بھی مارے گئے ہیں۔