واشنگٹن (سچ نیوز) امریکی وزیر خزانہ سٹیون منوچن نے کانگریس کو متنبہ کیا ہے کہ امریکہ پر واجب الادا قرضوں کی رقم 22 ٹریلین ڈالر (220 کھرب یا 22 ہزار ارب ڈالر ) تک پہنچ گئی ہے اور اگر قرضوں کی حد میں اضافہ نہ کیا گیا تو امریکہ 8 ہفتوں میں دیوالیہ ہوجائے گا۔امریکی وزیر خزانہ سٹیون منوچن نے کانگریس کی سپیکر نینسی پیلوسی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ وزارت خزانہ مارچ کے مہینے سے بلوں کی ادائیگی کیلئے پیسوں کو بڑی مشکل سے کنٹرول کر رہی ہے، اگر اگست کے مہینے میں مالی سال ختم ہونے تک کانگریس کی جانب سے قرضوں کی مقرر کردہ حد 22 ٹریلین ڈالر میں اضافہ نہ کیا گیا تو تاریخ میں پہلی بار ستمبر میں امریکہ دیوالیہ ہوجائے گا۔امریکہ میں 26 جولائی سے 9 ستمبر تک کانگریس کی چھٹیاں ہوں گی جس کے باعث اس عرصے میں کوئی کام نہیں کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ اس کوشش میں ہے کہ کسی طرح کانگریس سے قرض کی حد میں اضافہ کرالیا جائے تاکہ کانگریس کی چھٹیاں ختم ہونے تک بلوں کی ادائیگی کیلئے رقم حاصل کی جاسکے، اسی تناظر میں وزیر خزانہ نے کانگریس کی سپیکر سمیت سینیٹ کے چیئرمین کو بھی خط لکھاہے۔