اسلام آباد (سچ نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہش مندہے ، دہشتگردی کے خلاف ہماری قربانیوں کو تسلیم کیا جائے ۔
سچ نیوز کے مطابق وزیرِاعظم سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ملاقات کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے اپنی خواہش اور خطے میں امن سے متعلق اپنے خیالات سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے مائیک پومپیو کے ساتھ ملاقات میں تمام پڑوسیوں کے ساتھ امن کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اعتماد اور احترام کیساتھ تعلقات مضبوط بنانا چاہتا ہے، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کیا جائے۔
وزیرِاعظم نے مائیک پومپیو کو بتایا کہ انسانی ترقی اور غربت کا خاتمہ ہماری حکومت کی ایجنڈا ہے۔ امریکی وزیرِ خارجہ نے عمران خان کو حکومت کے قیام پر مبارک باد دی اور پاکستان کی ترقی کیلئے ان کے اقتصادی اور سماجی ترقی کے ایجنڈے کی تعریف کی ۔
امریکی وزیر خارجہ نے نے افغانستان سمیت خطے میں امن کیلئے پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے ہم نے آج جو بنیاد رکھی وہ کامیابیوں اور آگے بڑھنے کا باعث بنے گی، عملی اقدامات سے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کی نئی راہیں استوار ہونگی ۔
امریکی وزیر خارجہ کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے ۔