واشگٹن (سچ نیوز) امریکہ کے صدارتی محل وائٹ ہاﺅس نے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے بڑے صاحبزادے حمزہ بن لادن کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ حمزہ بن لادن کی ہلاکت کا دعویٰ 31 جولائی کو رات گئے سامنے آیا تھا لیکن امریکی حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی تھی۔وائٹ ہاﺅس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ بن لادن جو کہ تنظیم کا اہم رہنما تھا ، گزشتہ دنوں امریکہ کے کاﺅنٹر ٹیرارزم آپریشن کے دوران ہلاک ہوگیا ہے، یہ آپریشن افغانستان پاکستان ریجن میں کیا گیا تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حمزہ بن لادن کی ہلاکت کے باعث نہ صرف القاعدہ اہم قیادت سے محروم ہوئی ہے بلکہ گروپ کی آپریشنل صلاحیتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔حمزہ بن لادن نے 2017 میں مغربی ممالک کے دارالحکومتوں پر حملوں اور امریکہ سے اپنے باپ کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تو امریکہ نے اسے عالمی دہشتگرد قرار دے دیا تھا۔ امریکہ نے حمزہ بن لادن کے سر کی قیمت ایک ملین ڈالر مقرر کی تھی۔