بیلنگ( سچ نیوز ) امریکی ریاست مونٹانا میں ایک مسافر بردار طیارہ پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار چاروں افراد ہلاک ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست مونٹانا کے شہر بیلنگ میں ایک انجن والا کیسانا 182 طیارہ پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں چاروں مسافر ہلاک ہوگئے۔ تاحال طیارے کے مالک اور ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ادھر سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے، ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو وجوہات کا تعین کرکے اپنی رپورٹ درج کرائے گی اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تجاویز پیش کرے گی۔دوسری جانب عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ طیارہ، گرنے سے قبل نارمل رفتار اور آواز کیساتھ محو پرواز تھا تاہم ایک ریڈیو ٹاور کے تار سے ٹکرا گیا اور توازن برقرار نہ رکھ سکا۔ طیارہ ایک میدانی علاقے میں گرا جس کے وجہ سے جائے حادثہ پر کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ امریکا میں نجی طور پر زیر استعمال ایک انجن والے چھوٹے طیاروں کے حادثات عام ہوگئے ہیں صرف گزشتہ ماہ 4 طیارہ حادثوں میں درجن سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیں جب کہ رواں ماہ بھی یہ دوسرا واقعہ ہے۔