تہران(سچ نیوز ) ایران کی قدس فورس کے نئے سربراہ اسماعیل قانی نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کو بزدلانہ حملے میں شہید کرنے والے امریکا پر مردانہ وار کارروائی کرکے جواب دیں گے۔عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کی قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قانی نے کہا کہ امریکا نے بزدلوں کی طرح حملہ کرکے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کیا ہے جس کا ہم مردوں کی طرح بہادری سے جواب دیں گے۔قدس فورس کے سربراہ نے کہا کہ ایران امریکا کی طرح پیچھے سے بزدلانہ وار نہیں کرتا بلکہ مردوں کی طرح سامنے آکر مقابلہ کرتا ہے اور جلد ہی امریکا کو پتہ چل جائے گا کہ اس نے کس سے ٹکر لی ہے۔قبل ازیں ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے بھی امریکا کو دھمکی دی تھی کہ جنرل قاسم سلیمانی کا بدلا لینے کے لیے اْن کی فوج امریکا پر میزائل حملے سے بھی بڑھ کر کارروائی کرے گا۔