واشنگٹن (سچ نیوز)امریکا نے واشنگٹن میں فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کا دفتر بند کرنے کا حکم دے دیا، امریکا نے الزام لگایا کہ فلسطین اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات میں مدد نہیں کر رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کو خوش کرنے کے لیے امریکا نے واشنگٹن میں قائم فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کا دفتر بند کرنے کا حکم دے دیا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن نے امن کوششوں میں امریکا کے ساتھ شامل ہونے سے انکار کیا ہے۔فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل صائب عریقات نے اس امریکی اقدام کو خطرناک قرار دیا ہے۔ فلسطینی عوام کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ نمائندوں پر مشتمل فلسطین لبریشن آرگنائزیشن نے 1994 میں واشنگٹن میں اپنا دفتر کھولا تھا۔امریکا کی جانب سے اسرائیل میں اپنا سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے بعد سے فلسطینیوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔