امریکا میں زیر علاج تھے ،سوتیلے بھائی شیخ نواف نئے امیر خدمات یاد رکھی جائیں گی:عمران خان ، آرمی چیف کاافسوس
کویت سٹی،اسلام آباد(سچ نیوز)امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔مقامی میڈیاکے مطابق امیرکویت جولائی سے امریکا میں زیر علاج تھے جہاں گزشتہ روز ان کا انتقال ہوگیا ،کویت کے شاہی امور کے انچارج نے سرکاری ٹی وی پر ان کے انتقال کی تصدیق کردی، شیخ صباح الاحمد الصباح 2006 میں امیر کویت بنے وہ کویت کے وزیر اعظم بھی رہے جبکہ 40سال تک کویت کے وزیر خارجہ رہے ، شیخ صباح الاحمد الصباح 16جون 1929کو پیدا ہوئے تھے ،امیر کویت کے انتقال کے بعد ان کے 83 سالہ سوتیلے بھائی شیخ نواف الاحمد الصباح کو نیا امیر مقررکردیا گیا،انہوں نے 2006 میں ولی عہد کا حلف اٹھایا تھا، مرحوم امیر کی بیماری کے باعث شیخ نواف الاحمد نے 18 جولائی کو عارضی طور پر امیر کویت کی ذمہ داری سنبھالی تھی،ادھر شیخ صباح الاحمد الصباح کے انتقال پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا پاک کویت باہمی تعلقات کے حوالے سے امیر کویت کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کویت کے شاہی خاندان،حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے شیخ صباح الاحمد الصباح کیلئے دعائے مغفرت کی ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی امیر کویت کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔