جنیوا (سچ نیوز ) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین UNHCR نے پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کو یوتھ ایمبیسیڈر مقرر کردیا۔
جنیوا میں منعقدہ RefugeeForum# کی تقریب میں UNHCRنے جاوید آفریدی کو پاکستان میں یوتھ ایمبیسیڈر بنانے کا اعلان کیا۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے ڈائریکٹر ریجنل بیورو ایشیا اینڈ پیسیفک اندریکا راٹوٹے نے کہا کہ جاوید آفریدی نوجوانوں کے رول ماڈل ہیں اور ان کے ذریعے مہاجرین کے مسائل اور ان کے حل کی آگاہی میں بھرپور مدد ملے گی، جاوید آفریدی نے کہا کہ ملک سے دور اور مسائل میں گھرے دنیا بھر کے مہاجرین کا مسئلہ حل طلب ہے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جہاں دنیابھر کے مہاجرین توجہ کے مستحق ہیں وہیں یہ اپنے ممالک کا بھی مستقبل ہیں۔
جاوید آفریدی نے کہا کہ وہ پوری کوشش کریں گے مہاجرین کے مسائل کو اجاگر اور ان کے حل کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں۔ جاوید آفریدی نے اس موقع پر پچیس مہاجرین کو ملازمت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی فاونڈیشن کے ذریعے مزید پچاس مہاجرین کوبھی تربیت فراہم کریں گے،دنیا بھر کے مہاجرین کے مسائل کو اجاگر اور حل کے لیے UNHCRکے تحت گلوبل رفیوجیز فورم جنیوا میں منعقد ہورہا ہے جس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی شریک ہیں ۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا بھر میں رفیو جیز کا مسئلہ سنجیدہ اور حل طلب ہے۔ انہوں نے پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا جاوید آفریدی بطور یوتھ ایمبیسیڈر رفیوجیز کے مسائل اور ان کے حل کی آگاہی مہم میں پیش پیش رہیں گے ۔