افغانستان میں بھی امریکی فوجی دھماکے کی زد میں آگئے

افغانستان میں بھی امریکی فوجی دھماکے کی زد میں آگئے

کابل (سچ نیوز) افغانستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2 امریکی فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ واقعہ افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار کے ضلع داند میں پیش آیا جہاں نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے مشن میں شامل امریکی افوج کی گاڑی دیسی ساختہ باردوی سرنگ کی زد میں آگئی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واقعے میں امریکی فوج کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ 2 امریکی فوجی ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں گاڑی میں موجود تمام افراد ہلا ک ہوگئے،2020 میں یہ افغانستان میں امریکی فوج کی ہلاکتوں کا پہلا واقعہ ہے۔خیال رہے کہ یہ دھماکا ایسے وقت ہوا ہے جب امریکا اور افغان طالبان کے درمیان معطل شدہ امن مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔گذشتہ سال ستمبر میں کابل حملے میں ایک امریکی فوجی سمیت 12 افراد کی ہلاکت کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امن مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔گذشتہ چند دنوں کے درمیان امریکا اور اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران طالبان کی جانب سے کہاگیا تھا کہ اس کشیدگی سے افغان امن عمل متاثر نہیں ہوگا۔

Exit mobile version