ابوظہبی ٹیسٹ کا دوسرا روز: پاکستان کو281 رنز کی برتری حاصل

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کے 145 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا لیے ہیں اور اس طرح گرین کیپس کی مجموعی برتری 281 رنز ہو گئی ہے۔

ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 145 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ دوسری اننگز میں پاکستان کی پہلی وکٹ 15رنز پر گری، محمد حفیظ 6 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا نشانہ بنے۔ سرفراز الیون کا دوسرا کھلاڑی ایک سو چھ اسکور پر آؤٹ ہوا۔ فخرزمان 66 کے انفرادی اسکور پر نیتھن لیون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے دو وکٹوں پر ایک سو چوالیس رنز بنا کرکینگروز کے خلاف دوسو اکیاسی رنز کی مجموعی برتری حاصل کر لی۔ اظہر علی 54 اور حارث سہیل سترہ رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

بدھ کو آسٹریلیا نے 20 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز شان مارش تھے جو صرف تین رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر سلپ میں حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ عباس نے ہی پاکستان کو چوتھی کامیابی دلوائی جب انھوں نے مارش کی جگہ آنے والے ٹریوس ہیڈ کو اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ انھوں نے 14 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے باز ایرون فنچ 85 کے مجموعی اسکور پر سب سے زیادہ 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔مچل اسٹارک 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ کپتان ٹم پین 3، مارنس لیبوشن 25 اور نیتھن لیون 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد عباس نے 5، بلال آصف نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Exit mobile version