اسلام آباد: (سچ نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمات کی سماعت، پے در پے در پیشیوں نے پیپلز پارٹی کے لیے خطرات کی گھنٹی بجا دی۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، مقدمات کا سامنا کریں گے، ہمیں دھاندلی اور حکومت کے خلاف بولنے کی سزا دی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کے مقدمات میں تیزی آ چکی ہے۔ پیپلز پارٹی نے شریک چیئرمین کے خلاف مقدمات کو انتقامی کارروائی قرار ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے قریبی دوست انور مجید کے ہر روز نئے اکاؤنٹس سامنے آ رہے ہیں۔ ایف آئی اے کا دعویٰ ہے کہ ان اکاؤنٹس سے اربوں روپے بیرونِ ملک منتقل کیے گئے۔
یہ صورتحال پیپلز پارٹی کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔ سینیٹر مولا بخش چاندیو کہتے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی اور حکومت کے خلاف بولنے پر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سابق وزیرِ داخلہ رحمان ملک اور ناز بلوچ کا کہنا ہے کہ پہلے بھی عدالتوں کا سامنا کیا، اب بھی کریں گے۔
یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فرلار تالپور پر الزام ہے کہ انہوں نے اومنی گروپ کے ساتھ مل کر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے بیرونِ ملک منتقل کیے۔