اسلام آباد(سچ نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت میں ہونے والے آزادی مارچ کے شرکاء نے جلسہ گاہ کے اطراف سٹریٹ لائیٹس اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کے خلاف مارچ کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔جے یو آئی ف کےرہنماراشدمحمود سومرو نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے جلسہ گاہ کے اطراف سٹریٹ لائیٹس اور انٹرنیٹ سروس بند کردی ہے، سٹریٹ لائیٹس اور انٹرنیٹ سروس بحال نہ کی گئی تو جلسہ گاہ سے باہر نکل کر مارچ کریں گے۔راشد محمود نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات حزب اختلاف کی جماعتوں سے کیے گئے معاہدے کی پاسداری کریں اور جلسہ گاہ کے اطراف میں انٹرنیٹ سروس بحال کروائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر سٹریٹ لائیٹس نہ کھولی گئیں تو سٹریٹ لائیٹس کے پولز کی طرف مارچ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سٹریٹ لائٹس بند ہونے سے جلسہ گاہ میں اندھیرا چھایا ہوا ہے اور آزادی مارچ کے شرکاء کو نقل و حمل میں دشواری پیش آرہی ہے۔